وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے روسی وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ژراؤف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مواصلات کے شعبے میں تعاون کے فروغ اور نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سائیڈ لائن پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور روسی وزیر ٹرانسپورٹ کی ملاقات ہوئی جس کے دوران مواصلات کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین اور افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا۔
اس موقع پر روسی ڈپٹی ٹرانسپورٹ منسٹر دمتری ژراؤف نے مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا کامیاب اجلاس خطے کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گا۔
علاوہ ازیں سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری ریلویز نے مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ بھی دی۔