ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ لی چیانگ پارلیمانی رہنماؤں اوراعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان حکومت کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے، چینی وزیراعظم کے ساتھ خارجہ، تجارت کے وزرا، دیگر حکام پاکستان آئیں گے۔
بیان کے مطابق دورے کے دوران پاکستان، چین کے وزرائے اعظم سی پیک کے تحت تعاون پر بات چیت کریں گے، اقتصادی، تجارتی تعلقات سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پربات ہوگی، وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین علاقائی اورعالمی پیشرفت پربھی بات کریں گے، اقتصادی،تجارتی تعلقات سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات ہوگی۔ صدر آصف زرداری سےبھی چینی وزیراعظم کی ملاقات ہوگی، چینی وزیراعظم کا دورہ پاک چین آل ویدراسٹریٹجک کو آپریٹوپارٹنرشپ کی اہمیت کا اظہار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا میزبان ہے۔ یہ اجلاس آئندہ ہفتے 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں تمام رکن (8) ممالک سے وفود شرکت کریں گے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان نے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں۔
خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا قیام 2001 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ اس کو چین، روس، ازبکستان، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان نے مل کر قائم کیا تھا، بعد ازاں 10 جولائی 2015 کو اس تنظیم میں پاکستان اور بھارت کو بھی شامل کیا گیا جب کہ ایران گزشتہ سال اس کا مکمل ممبر بنا ہے۔