سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے سماعت اکیس اکتوبر تک ملتوی کی جاتی ہے تاہم مزید التواء کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل حامد خان نے التوا کی درخواست میں خاندانی مصروفیات کو وجہ بنایا، خاندان میں مصروفیت کس نوعیت کی تھی کچھ بھی نہیں بتایا گیا، کیس میں پی ٹی آئی کی نمائندگی علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور اجمل غفار نے بھی کی تھی، انیس شہزاد، شریف جنجوعہ اور نیاز اللہ نیازی بھی لیگل ٹیم میں تھے۔
تحریری درخواست سے سماعت ملتوی کرنے کیلئے قائل نہیں ہوسکے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کی جاتی ہے، مزید التواء کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ توقع ہے آئندہ سماعت پر کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔