بھارت کے معروف صنعتکار اور کاروباری شخصیت رتن ٹاٹا کا 86 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں جس کی تصدیق ٹاٹا گروپ کی جانب سے بدھ کو ایک بیان میں کی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ رتن ٹاٹا ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں انہیں پیر کے روز داخل کرایا گیا تھا۔
ہسپتال سے رتن ٹاٹا کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ بڑھتی عمر سے متعلق طبی مسائل کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ ہوں گے۔
رتن ٹاٹا 1991 میں گاڑیوں اور اسٹیل کی صنعت سے منسلک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین بنے اور 2012 تک اس منصب پر فائز رہے جبکہ 2012 میں ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد انہیں ٹاٹا سنز، ٹاٹا انڈسٹریز، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا کیمیکلز کا چیئرمین ایمیریٹس بنایا گیا تھا۔
بھارتی وزیر اعظم کا بیان
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے رتن ٹاٹا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مودی کا کہنا تھا کہ رتن ٹاٹا ایک صاحب بصیرت کاروباری شخصیت اور ایک غیر معمولی انسان تھے جنہوں نے بھارت کے سب سے پرانے اور سب سے معروف کاروباری اداروں میں سے ایک کو مستحکم قیادت فراہم کی۔






















