فتنتہ الخوارج نے پشتون قومی عدالت کی حمایت میں ضلع خیبر میں 5 روزہ فائر بندی کا اعلان کر دیا جو کہ 9 سے 13 اکتوبر تک عمل پذیر ہو گی۔
کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر2024 کوشرانگیزی کی غرض سے ضلع خیبرمیں نام نہاد ”پشتون قومی عدالت“ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا۔
کالعدم پی ٹی ایم کی سرگرمیاں بظاہر پشتون عوام کے حقوق کی جنگ ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، غیور پشتون قبائل میں ریاست مخالف نظریات اور نفرت کا بیج بونے والی کالعدم پی ٹی ایم فتنتہ الخوارج کا سیاسی روپ ہے۔
فتنتہ الخوراج کا قیام نام نہاد شریعت کے نفاذ پر ہوا مگر جاری کردہ اعلامیہ میں اسی زبان کا استعمال کیا گیا ہے جو کالعدم پی ٹی ایم کرتی آئی ہے۔
فتنتہ الخوراج کے اعلامیہ میں پی ٹی ایم اور اس کے نام نہاد منشور کے مطابق زبان اور الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے جو کہ ان کے گٹھ جوڑ کو ثابت کرتا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوراج کی جانب سے پشتون علاقوں کو گزشتہ دو دہائیوں سے آگ اور خون میں نہلایا گیا جبکہ ان کے جاری اعلامیہ میں مظلومیت کا تاثراور پاکستان کی مسلح افواج پر کیچڑ اچھالا گیا ، فتنتہ الخوارج کا 5 روزہ فائر بندی کا اعلان دراصل معصوم پشتون اقوام میں اپنے لئے ہمدردی جگانے کی ناکام کوشش ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق جاری اعلامیہ میں مجبوراً اسلحہ اٹھانے کی بات تاریخی طور مکمل جھوٹ ہے کیونکہ فتنتہ الخوراج کا قیام دراصل پاکستان دشمن قوتوں کی فنڈنگ اور سہولت کے ذریعے ہوا جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، کالعدم پی ٹی ایم دراصل فتنتہ الخوراج کا ہی دوسرا روپ ہے جن کے نظریات ریاست مخالف ایجنڈے پر مبنی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوراج عوام میں اپنی تشہیر کرنے سے قاصر ہے اور کمزور ہو چکی ہے لہٰذا کالعدم پی ٹی ایم نے پشتون کارڈ کے ذریعے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی ہے، فتنتہ الخوراج کا کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں بیان واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں انتشار پھیلانے کیلئے دونوں تنظیموں کو دشمن ممالک کی سہولت کاری حاصل ہے۔
دہشتگردوں کی جانب سے خیبرپختونخوا میں جاری خونریزی اور بربریت کیخلاف آج تک منظورپشتین نے نہ ہی کوئی مذمتی بیان دیا اور نہ ہی احتجاج ریکارڈ کرایا، پختونخوا میں فساد برپا کرنے والی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف جہاں سکیورٹی فورسز نبرد آزما ہے وہاں پی ٹی ایم مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر ان دہشتگردوں کی حمایت کر رہی ہے۔
فتنتہ الخوراج کی جانب سے کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں جاری کردہ اعلامیہ پاکستان کے خلاف دونوں کے گٹھ جوڑ پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔