خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 2 خوارجیوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت مین گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوات کے علاقے چار باغ میں کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارجی ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارجیوں میں دہشت گرد عطااللہ عرف مہران بھی شامل ہے، خارجی عطااللہ عرف مہران دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، عطااللہ 22ستمبر کو غیرملکیوں کے قافلے پر بارودی سرنگ حملے میں بھی ملوث تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سوات میں مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس موبائل کے نزدیک ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے بم دھماکا کیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس وین 10 سے زائد ممالک کے سفیروں کی سیکیورٹی قافلے میں شامل تھی۔