صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم ملائیشیا انور ابراہیم کی ملاقات میں دوطرفہ تجارت، معیشت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا جبکہ خصوصی تقریب میں ملائیشیا کے وزیراعظم کو ’ نشان پاکستان‘ کے خصوصی اعزاز سے بھی نوازا گیا ۔
ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات ہوئی ۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، ایم این اے بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت جام کمال خان، سینیٹر شیری رحمان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں، ایک خصوصی تقریب کے دوران، صدر آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو اسلامی دنیا کے مفاد کے لیے حمایت اور پاکستان کا اچھا دوست ہونے کے اعتراف میں نشان پاکستان کا ایوارڈ دیا۔
تقریب میں وزیراعظم محمد شہبازشریف،وفاقی وزراء،سروسزچیفس،سفارتکاروں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ بھی دیا۔