بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ دفاع وشہداء جوش وخروش سےمنایا گیا
ستمبر کا مہینہ شروع ہوتے ہی ہرپاکستانی کےدل میں جوش و خروش کی لہردوڑ جاتی ہے،6 ستمبر 1965کوافواجِ پاکستان نے اپنےروائتی مگرمکاردشمن کےرات کےاندھیرےمیں کیےگئےحملےکا جواب بھرپور اندازمیں دیا، شہداء اور غازیان ،وطن نےاپنی جانوں کےنذرانےپیش کر کےملک کی سلامتی کو یقینی بنایا، پاکستانی قوم ہرسال ستمبر کے مہینے میں یومِ دفاع و شہداء ملّی جوش وجذبے سے مناتی ہے۔
بیرونِ ممالک میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں بھی ہرسال ستمبرمیں یومِ دفاع و شہداء کی مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ہرسال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے بیجنگ سفارت خانہ میں یومِ دفاع اورشہداء کی تقریب منعقدکی گئی، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اورقربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں سینئرچینی سول اورفوجی عہدیداروں، سفارتی کور کے ارکان،دفاعی اتاشیوں، میڈیا، پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور سفارت خانہ کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (ایئر فورس) کےڈپٹی کمانڈر ایئر مارشل جیازھ گانگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب کا آغاز قومی ترانےکی دھن کےساتھ ہوا، جس کے بعد شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تاکہ انہیں خراج عقیدت پیش کیاجاسکے۔
پاکستان کے سفیر برائےچین،جناب خالد ہاشمی صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےیومِ دفاع کی اہمیت پر زوردیا اورپاکستان کی مسلح افواج کے عزم، بہادری اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔
پاکستانی سفیر برائےچین خالد ہاشمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کیساتھ معاشی سیاسی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں،افواجِ پاکستان،ملک کی سلامتی اور خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
غازی اورشہداء اس ملک کا اثاثہ ہیں،یہ آزاد فضائیں انہیں کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہیں ،پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو سلام، پاکستان زندہ باد