تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے امیر مفتی قاسم فخری کا کہنا ہے کہ اسرائیل امت مسلمہ کا بد ترین دشمن اور معصوم فلسطینیوں کا قاتل ہے، مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ناجائز ریاست اسرائیل کے اخبارات کی جانب سے عمران خان کی حمایت لمحہ فکریہ ہے۔
اسرائیلی اخبارات میں عمران خان کی حمایت میں چھپنے والے آرٹیکل پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر ٹی ایل پی کراچی مفتی قاسم فخری نے کہا کہ فرانس کے خلاف احتجاج کی پاداش میں ٹی ایل پی کو انڈین ایجنٹ کہنے والوں کو آج خود یہودی میڈیا نے اسرائیل کا ایجنٹ ڈکلئیر کر دیا۔
مفتی قاسم فخری نے کہا کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر پاکستانیوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی، پس پشت عمران خان یہودی لابی سے مل کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔ ماضی میں پی ٹی آئی ركن قومی اسمبلی اسما حدید کے ذریعے اسرائیل کو امت مسلمہ کا خیر خواہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
ٹی ایل پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان نے قائد اعظم کے اسرائیلی ریاست کو قبول نہ کرنے کے اصولی مؤقف سے بھی غداری کی کوشش کی، کل تک عمران خان کی ایماء پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے تحریک لبیک پاکستان پر فارن فنڈنگ کے بے بنیاد الزامات لگا کر کالعدم کیا، آج دنیا بھر سے پاکستان دشمن قوتوں کی جانب سے عمران خان کی رہائی کی قراردادیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی عمران خان لندن میئر شپ الیکشن میں مسلمانوں کے مقابلے میں یہودیوں کی الیکشن کمپین چلاتے رہے تھے، قوم کو چاہئے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے جھوٹے نعروں کے بجائے حقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں۔