لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں جائیداد کے تنازع پر دو بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 12 افراد زخمی ہوگئے، ایک شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فہد نامی شخص نے اپنے چچا پر فائرنگ کی، مصری شاہ کے رہائشی دو بھائیوں ملک آسی اور ملک مانی کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر تلخ کلامی ہوئی۔ جس پر ملک مانی کے بیٹے نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فہد نامی لڑکے کی فائرنگ کی زد میں آکر مجموعی طور 12 افراد زخمی ہو گئے، ملزم فہد کا والد اور چچا ملک آسی بھی زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے دوران عرس میراں حسین زنجانی پر آنے والے عقیدت مند بھی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری میو اور سروسز اسپتال پہنچایا گیا جہاں ملک آسی کی حالت نازک ہے۔ فائرنگ کرنے والا ملزم فہد موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔