بنگلا دیش کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کانپور میں پریس کانفرنس میں شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کے دونوں فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹ بورڈ بنگلا دیش میں الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا تو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا۔
شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ میں نے میرپور میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش کا اظہار بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے کیا ہے، انہوں نے مجھ سے اتفاق کیا ہے اور بورڈ ہر چیز کو ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ میں بنگلا دیش جا سکوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو کانپور میں بھارت کے خلاف میچ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا آخری میچ ہو گا۔
شکیب الحسن نے 2006 میں اپنے بین الاقوامی ڈیبیو کے بعد سے 70 ٹیسٹ، 247 ون ڈے اور 129 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے۔