بارش برسانے والا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے صوبہ کے ڈپٹی کمشنروں کو مشینری سمیت عملہ کوالرٹ رکھنے کی ہدایت کردی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کل سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، ساہیوال، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور لاہور میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے صوبہ بھر کی مقامی انتظامیہ کوالرٹ رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبل ون ڈبل ٹو سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملہ الرٹ رکھیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دیں۔