وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کل امریکا کیلئے روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم امریکا جاتے ہوئے لندن میں ایک دن قیام کریں گے، ایک ہفتے کے دورہ امریکا میں وزیراعظم یواین جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 27ستمبر کو متوقع ہے، شہباز شریف کی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
قبل ازیں امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان جنگ و تنازعات سے پاک دنیا کیلئے عالمی برادری کے ساتھ ہے، آج قوموں کے درمیان مکالمے کے فروغ کیلئے اقدامات کا عزم دہراتے ہیں، آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ قوموں میں اختلافات کے خاتمے اور امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان بات چیت کے ذریعے امن و استحکام پر پختہ یقین رکھتا ہے، خطے میں امن کے لیے جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔
شہبازشریف ن مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کی بنیاد رائے شماری اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، آج ہمیں ریاستی جارحیت کا سامنا کرنے والے فلسطینوں کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے تنازع کا پرامن حل وقت کی ضرورت ہے۔