190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وکیل نے آخری گواہ اور ریفرنس کے تفتیشی افسر پر جرح مکمل کرلی جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل جمعہ کو اسی گواہ پر جرح شروع کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم ناصر جاوید رانا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزمان کی جانب سے چوہدری ظہیرعباس اور عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے امجد پرویز اورمظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس نے آخری گواہ اور ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر 21 ویں سماعت میں جرح مکمل کرلی جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل کل تفتیشی افسر پر جرح شروع کریں گے۔
وکلا صفائی کی جانب سے کیس کی آئندہ سماعت 26 ستمبر کے بعد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ 21 سماعتوں سے کیس کے تفتیشی افسر آرہے ہیں مگرجرح مکمل نہیں کی گئی۔
عدالت نے وکلا صفائی کی 26 ستمبر کے بعد کیس کی سماعت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کردی۔