گذشتہ 5 سال کے دوران پاکستان میں 9.9 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی گئی ہے جبکہ اس دوران ایف ڈی آئی کا انخلاء 4.74 ارب ڈالر رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2020تا مالی سال 2024 کے دوران پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین سرفہرست رہا ہے۔
چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے اس عرصہ کے دوران 2.65ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جو گدشتہ 5 سالوں میں پاکستان میں کی جانے والی ایف ڈی آئی کے 26.8 فیصد کے مساوی ہے۔ اس طرح ایف ڈی آئی کے انخلاء میں بھی چین سرفہرست رہا اور مالی سال 2020 تا 2024 کے دوران 942ملین ڈالر کا انخلاء ہوا جو اس عرصہ میں بیرون ملک منتقل ہونے والی رقوم کے 19.97 فیصد کے مساوی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2015 تا 2019 میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے پہلے مرحلہ کے دوران چین سے 3.6 ارب ڈالر کی براہ راست ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی جو اس عرصہ کے دوران پاکستان میں کی جانے والی 9.98 ارب ڈالر ایف ڈی آئی کا 36فیصد تھی ۔ مزید برآں گذشتہ مالی سال 2024 کے دوران ملک میں 1.9 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ مالی سال 2023 کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 1.63ارب ڈالر رہا تھا۔
اس طرح مالی سال 2023 کے مقابلہ میں مالی سال 2024 کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 0.27ارب ڈالر یعنی 16.56 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب اسی عرصہ کے دوران ایف ڈی آئی کے انخلاء میں 0.159ارب ڈالر یعنی 14.45فیصداضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایف ڈی آئی کا انخلاء 2023 کے0.941ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2024 کے دوران 1.1ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔