پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کا رجحان آج بھی برقرار رہا۔
مرکزی بینک کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 86 پیسے کی کمی ہوگئی، جس سے ڈالر 279 روپے 65 پیسے پر آگیا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 280 سے نیچے آگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کید قیمت فروخت ایک روپے کم ہوکر 279 روپے ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 281 روپے 51پیسے ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 5 روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے انسداد اسمگلنگ اور دیگر اقدامات کے نتیجے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی بلند ترین سطح سے 50 روپے 50 پیسے سستی ہوئی ہے۔