بنگلہ دیش کے آل راونڈر مہدی حسن نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں مین آف سیریز بننے پر ملنے والی انعامی رقم ملک میں ہنگاموں کے دوران جاں بحق ہونے والے رکشہ ڈرائیور کے اہل خانہ کو دیتے ہوئے اپنا وعدہ پورا کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری سیاسی کشیدگی نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے اور اس دوران حسینہ واجد بھی ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہوئیں اور بنگلہ دیش میں ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت کا قیام عمل میں آیا۔
مہدی حسن نے اپنے فیس بک پیج پر رکشہ ڈرائیور کی فیملی کے ساتھ ملاقات اور چیک حوالے کرتے ہوئے تصویر شیئر کی ۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی نے تصویر کے ساتھ پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ "حال ہی میں ایک ویڈیو نے میری توجہ حاصل کی۔ طلباء کی تحریک میں رکشا ڈرائیور بھائی کے بچے کی روتی آواز نے مجھے بار بار سوچنے پر مجبور کیا۔ میں نے اپنے بھائی کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کا وعدہ کیا، میں نے پاکستان میں 'مین آف دی سیریز' ایوارڈ کی رقم ان کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا۔آخرکار، یہ مقصد پورا ہوا۔ میں نے کل انہیں یہ رقم پہنچا دی۔ میں جانتا ہوں کہ یہ کھوئی ہوئی زندگی کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے، لیکن اگر میں ان کی زندگی کو تھوڑا سا آسان بنا سکوں تو مجھے خوشی ہوگی۔"
پاکستان کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مہدی حسن نے بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 155 رنز بنائے، جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں، اور ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بھی رہے۔
مہدی حسن کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف اگلی ٹیسٹ سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائیں۔