انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمیئنز ٹرافی سے متعلق اپنا موقف دے دیا، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ابھی تک کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران دبئی میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان سمیت اپنے رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا ہے، ٹورنامنٹ پاکستان میں ہونا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ابھی تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا ہے۔
جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ سابقہ چیلنجز کے باوجود انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شریک ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، جسے منی ورلڈ کپ کے نام سے جانا جاتا ہے، 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر 8ایلیٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر آئی سی سی کے اعتماد پر زور دیا اور عالمی کرکٹ کی ترقی اور بین الاقوامی مشغولیت کو آگے بڑھانے کے لیے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔