وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پشاورپہنچ گئے، ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اسلام آباد میں طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کئی گھنٹے تک منظر سے غائب رہنے کے بعد علی الصبح اسلام آباد سے وزیراعلی ہاؤس پشاور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے بھائی فیصل امین نے پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی اور کہا وزیراعلیٰ اسلام آباد میں طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔
علی امین گنڈا پور نے وزیراعلی ہاؤس پشاور پہنچ کرپارٹی قیادت سےرابطہ کیا اور پارٹی رہنماؤں سے انلائن میٹنگ میں سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں اپنی طویل میٹنگ سے آگاہ کیا اور پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری اور کے پی اسمبلی اجلاس پر مشاورت بھی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے پی کے ایک ملاقات کیلئےاسلام پہنچے تھے اور پھر ان کا پارٹی رہنماؤں سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ علی امین سے رابطہ نہ ہونے پر اپوزیشن لیڈرعمرایوب اورکےپی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ کے پی پراسرار گمشدگی کے پارٹی رہنماؤں سےرابطہ میں آئے ، سات گھنٹےبعد پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک نے ٹویٹ کیا تھا کہ علی امین گنڈا پورکا فون کھل گیا، وزیراعلیٰ کے پی کے نے حفاظتی عملے سے رابطہ کیا۔