پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کا کہنا ہے کہ لاہور میں منعقدہ کنکشن کیمپ کے ایجنڈے میں کپتان یا قومی ٹیموں پر کوئی بات چیت شامل نہیں ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 23 ستمبر کو کنکشن کیمپ لاہور میں ہوگا جس کا بنیادی مقصد پاکستان کرکٹ کی درست سمت کا تعین کرنا ہے اور پی سی بی چاہتا ہے کہ انڈر 19، ڈومیسٹک اور قومی ٹیم ایک ہی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں۔
بیان کے مطابق کنکشن کیمپ کا نقطہ نظر بحث اور اتفاق کرنا ہے اور صف بندی، اعتماد اور رابطے میں اضافے کو فروغ دینا بھی ایجنڈے میں شامل ہے لیکن کپتان یا قومی ٹیموں پر کوئی بات چیت کنکشن کیمپ کے ایجنڈے کا حصہ نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کنکشن کیمپ میں پی سی بی چیئرمین، گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی شرکت کریں گے جبکہ سینٹرل، ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ پی سی بی ایگزیکٹو ٹیم بھی شریک ہوگی۔
وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن 12 اور ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 22 ستمبر کو پاکستان آئیں گے۔