سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، آج یوم بحریہ اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔
جنگِ ستمبر میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال 8 ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔ آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں 8 ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔
1965کی جنگ میں بری، بحری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔
7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب پاک بحریہ نے بھارتی نیول بیس دوار کا پر حملہ کیا، آپریشن سو مناتھ میں پاک بحریہ کے پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہجہان اور ٹیپو سلطان نے حصہ لیا، صرف 4 منٹ میں بھارتی نیول بیس آگ کا ڈھیر بنادیا گیا، 120 میل دور بھارتی سرزمین پر حملے نے بھارتی بحریہ کو شل کر دیا۔
پاک بحریہ کا دب دبا آج بھی دشمن نہیں بھلا پایا، پاک بحریہ کی کامیابیوں کی داستانیں یوں تو بہت طویل ہیں مگر65 کی جنگ میں سمندری حدود کی حفاظت اور بھارتی بحریہ کو اس کے اپنے ساحلوں تک محدود رکھنا دو اس قدر بڑے کام تھے جس پر پورے ملکی دفاع کا دارو مدار تھا۔
پاک بحریہ نے 1965کی جنگ کے آغاز پر ہی بھارتی نیوی کو دوارکا کے مقام پر دبوچ لیا، جس پر دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، یہ پاکستان کی قومی اور عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے والا ایک عظیم واقعہ ہے۔
آپریشن میں ایک جانب تو بھارت کا کراچی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تو دوسری جانب 2بھارتی افسر اور 13 سیلزر ہلاک ہوئے، رن وے کو بھی مکمل طور پر تباہ اور انفراسٹرکچر کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا تھا۔
پاکستان نیوی نے مارچ2019 میں بھارتی آبدوز کے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹارگٹ لاک کرلیا اور تنبیہ کرکے پاکستانی حدود سے نکلنے جانے پر مجبور کردیا، دشمن کیلئے خوف کی علامت پاک بحریہ آج بھی بحری خطوں میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔