خیبرپختونخوا میں شہروں کی خوبصورتی کے لئے ہارٹی کلچر اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات کے علاوہ متعلقہ محکموں اور پی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں باغبانی کے فروغ کے لئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ہارٹیکلچر اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا جو کہ باقاعدہ ایکٹ کے تحت قائم کیا جائے گا ۔
وزیر اعلیٰ کی جانب سے متعلقہ حکام کو مذکورہ ایکٹ کے مسودے کی تیاری پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی اے کو پشاور کے تین شہری ٹی ایم ایز کی حدود میں ذمہ داریاں دینے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، یہ ذمہ داریاں ٹی ایم ایز کی معمول کی ذمہ داریوں سے ہٹ کر ہونگی۔
پی ڈی اے کو دی جانے والی ان خصوصی ذمہ داریوں سے ٹی ایم ایز کا کام اور عملہ متاثر نہیں ہوگا۔
متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ہوم ورک مکمل کر کے حتمی تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے ٹی ایم ایز کو مستحکم کرنا ہے، مقامی سطح کے عوامی مسائل فوری حل کرنے میں بلدیاتی حکومتوں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔
علی امین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔