پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ڈیزاسٹر ہوا ہے اور اس وقت پوری دنیا میں ہمارا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی عبرتناک اور تاریخی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہمارا مذاق اڑایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش نے ہمیں پھینٹا لگا دیا ہے ۔
سابق کپتان نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ڈیزاسٹرہوا لیکن محسن نقوی کا نام اخبارات میں نہیں چھپا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے نیچے ہماری کرکٹ نہیں گرسکتی ، ماضی میں ہماری ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اوپر لایا گیا جنہیں چیئرمین پی سی بی بننے کا شوق ہے لیکن ان کے پاس قابلیت نہیں ہے ۔