الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 7 ستمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیکل کانفرنس "میڈکون 2024" کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان کے ہیلتھ کئیرسسٹم میں درپیش چیلنجز، حکمت عملی، ڈیجیٹل گیجٹس اور میڈیکل کے شعبے میں پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات کو خراج تحسین پیش کرنا، میگا ایونٹ کے مقاصد میں شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پروگرام میں پبلک ہیلتھ سسٹم اور ڈیجیٹل ہیلتھ سے متعلق سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
’میڈ کون‘ کی تیاریوں کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن ہیلتھ سروسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہدلطیف، سی ای او سفیان احمد خان، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ریجن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نذیر اور سینئر مینجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میڈکون 2024" کے مختلف سیشنز میں ملک کی نمایاں شخصیات اظہارخیال کریں گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ہیلتھ کیئر سسٹم کو درپیش چیلنجز و ضروریات اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گے۔ ڈیجٹل ہیلتھ اور غزہ فلسطین کی صورتحال سے متعلق اہم سیشن میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، انسانی بحران، درپیش چیلنجز و ضروریات پر غزہ میں الخدمت اور پیما کے موثر کردار اور آئندہ کے منصوبوں پر اظہارخیال کریں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف کا کہنا تھا، "میڈکون 2024" میں پنجاب بھر سے مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، میڈیکل فیکلٹی ممبران سمیت ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ و طالبات کو میڈلز، انعامات اور تعریفی اسناد سے نواز جائے گا۔ جبکہ ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی جانب سے طلبہ کو شعبہ صحت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، میڈیکل ضابطہ اخلاق اور مختلف میڈیکل گائیڈلائنز کے حوالے سے لیکچرز بھی دیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا "میڈ کون 2024" میں ورلڈہیلتھ آرگنایزٴیشن کا وفد بھی شرکت کرےگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہونے جا رہا ہے جس میں میڈیکل پروفیشن کا حصہ بننے والے ڈاکٹرز امید اور حوصلہ لے کر جائیں گے۔