صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے مذاکرات کی کوئی بات نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے اجلاس میں تین الفاظ کا کوئی تذکرہ بھی نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی باتوں میں کبھی صداقت نہیں ہوتی ، اجلاس میں کسی نے پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، کسی نے مذاکرات کا ذکر کیا نہ بانی پی ٹی آئی کا کسی نے نام لیا ۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں، دروازے پر ذرا سی آہٹ ہوتی ہے تو ان کی باچھیں کھل جاتی ہیں، کوئی ان کے دروازے پر دستک دینے نہیں آ رہا اور اب انکی طرف رُخ کرنے والا کوئی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو فصل آپ نے بوئی تھی، وہ کٹنے کے قریب آچکی ہے، پی ٹی آئی والے فرسٹریشن کا شکار ہیں، صبح کچھ اور شام کو کچھ کہتے ہیں اور اصل میں پی ٹی آئی کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ 9 مئی منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمات کے خوف سے کہتے کہ ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا بڑا ضروری ہے ۔