حریت رہنما اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی کی تیسری برسی آج یکم ستمبر کو منائی جارہی ہے۔
اسلام کی نسبت سے، اسلام کے تعلق سے، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ نظریے کے خالق، بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کو 3 برس بیت گئے۔ آج کشمیری قوم عظیم قائد کی کمی کو شدت سے محسوس کر رہی ہے۔ تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر آج (یکم ستمبر) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے سری نگر کے حیدر پورہ کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
کنٹرول لائن کے اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے قائد حریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی صداقت و دیانت کا مظہر تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کی۔
سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو انتہائی جرات اور بہادری سے کشمیریوں کے جائز حق کے لیے لڑتے رہے۔ حریت رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دوران نظر بندی انتقال کر گئے تھے جہاں قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں 2010 سے مسلسل نظر بند کر رکھا تھا۔ آئمہ اور علمائے کرام بابائے حریت اور دیگر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کرائیں گے۔
صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی دہائیوں تک امید ،مزاحمت کا چراغ بنے رہے اور بے شمار کشمیریوں کو خود ارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا، جائز مقصد کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔
حریت رہنما کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج ہم عظیم کشمیری رہنما کی تیسری برسی منا رہے ہیں، ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ان کی جراتمندانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سیدعلی گیلانی کشمیرکی آزادی کی تحریک کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے وہ کشمیری تحریک کے ایک عظیم رہنما تھے، شہبازشریف نے کہا کہ سید علی گیلانی کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا، انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لئے وقف کردی۔ کشمیر کے عوام کی آزادی اور انکی خودارادیت کی جدوجہد کے لئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں،سید علی گیلانی کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔۔۔پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔