بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی نااہلی کے خلاف اپیل پر جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کو جلد سماعت کےلیے مقرر کیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحائف ڈیکلئیر نہ کرنے کے غلط الزام پر بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا۔ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے بھیجے گئے ریفرنس پر میانوالی سے ڈی سیٹ کیا۔ الیکشن کمیشن فیصلہ پر بانی پی ٹی آئی کو انتخابات لڑنے سے روک دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ الیکشن کمیشن کیخلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کردیا۔
درخواست کے متن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلہ کیخلاف اپیل کو جلد سماعت کےلیے مقرر کیا جائے۔