محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، یہ سسٹم آج رات یا کل تک سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آسکتا ہے۔ ہواؤں کے اس کم دباؤ سے سائیکلون پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدیدبارشیں متوقع ہیں۔ سائیکلون وارننگ سسٹم اس تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ممکنہ سمندری طوفان کے حوالے سے کہا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر موجود ہے، اب تک سسٹم خشکی پر موجود ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سمندر میں درجہ حرارت اور ماحول سازگار ہے، امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بنے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، طغیانی بڑھنے سے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری،مبارک ولیج میں آبادی میں پانی آسکتا ہے۔ ڈاکٹر سردار سرفراز کے مطابق اسی عرصے کے دوران طوفان میں اضافے کا بھی امکان ہے جب یہ نظام سمندر کے اوپر ہوگا اور اس کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق پیشن گوئی کی مدت کے دوران 30-40 کے ٹی ایس کی تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ سمندری حالات انتہائی خراب رہنے کا امکان ہے، ماہی گیروں کو 30 اگست تک کھلے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔