وزیراعظم نے تاجردوست اسکیم کے ایس آر او 106 میں ترامیم کے معاملے پر تاجروں سے ہرسطح پر مشاورت کی ہدایت کردی۔ چیئرمین ایف بی آر نے تاجرنمائندوں کو آج سہہ پہر مذاکرات کے لیے بلا لیا۔
تاجردوست اسکیم کے کوآرڈینیٹر نعیم میر کے مطابق تاجر دوست اسکیم پر تمام اعتراضات دور ہوچکے ہیں اور تاجروں کے مطالبات مان لیے گئے ہیں۔ تاجرنمائندے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کی میز پر آ کر اپنا مقدمہ پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہرقابل عمل تجویز کو ویلکم کیا جائے گا بات کرنے سے ہی بات آگے بڑھے گی۔بے مقصد ہڑتال سے تاجروں اور پاکستان کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
دوسری طرف تنظیم تاجران کے صدر کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ ایف بی آر مجھ سے مسلسل رابطہ کررہا ہے۔ ہم نے واضح کردیا کہ مذاکرات کے نام پر ڈرامہ مسترد کرتے ہیں۔ اب مذاکرات نہیں اٹھائیس اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔ مذاکرات گزشتہ ڈیرہ ماہ بھی ہوتے رہے مگر حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث نتیجہ خیرنہ ہوسکے۔