وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت پوری قوت سے افسوناک واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچائےگی،اسٹیٹ کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا،بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےسینٹرل پولیس آفس کوئٹہ کا دورہ کیا چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان نے وزیراعلیٰ کو گزشتہ شب موسیٰ خیل ، قلات، بولان، بیلہ کھڈ کوچہ اور نوشکی کی سیکیورٹی سمیت امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی ۔
سیکیورٹی سمیت امن وامان کی مجموعی صورتحال کی بریفننگ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ، پولیس اور لیویز کو انسداد دہشتگردی کے لیے جدید آلات و ساز سامان سے لیس کیا جائے گا، حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کے لئے تیار ہے ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس لیویز اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کا جامع پلان مرتب دیں.
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزیدکہا کہ کسی بھی افسوسناک واقعہ کی صورت میں موثر اور فوری رد عمل دیا جائے،شاہراؤں کی حفاظت کے لئے گشت کو بڑھایا جائے،دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا،بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔