محکمہ جنگلات پنجاب اور پاک فوج اور پلانٹ فار پاکستان سیل کی مشترکہ کاوش سے مری میں جنگلات کی بحالی کے لئے مون سون شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا۔
ایس آئی ایف سی کے گرین پاکستان انیشیٹو اور پلانٹ فار پاکستان کے اس مہم کی بدولت اس سال مری میں 7 لاکھ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، مہم کے تحت صرف آج کے دن 5 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔
مری کے قدرتی حسن کو بڑھانے کے لیے پاک فوج کے ہمراہ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اقلیتی برادری بالخصوص عیسائی، سکھ اور ہندوبرادری کی جانب سے بھی مہم میں بھرپور شرکت کی گئی۔
مری کے جنگلات کو بحال کرنے کی مہم میں علمائے کرام، مختلف مدارس کے طلبا اور خصوصی بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیاحوں نے بھی اس صدقۂ جاریہ میں اپنا حصہ ڈالا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سپہ سالار کے یوتھ کنوینشن سے خطاب نے نوجوانوں میں نئی روح پھونک دی، اسکی عکاسی پلانٹ فار پاکستان کے آج اس پروگرام میں یوتھ کی بھرپور شرکت سے عیاں تھی۔
عوام نے جنگلات کی بحالی اور لوگوں میں شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا، شرکاء نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پاکستان کے باقی جنگلات کی بحالی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔