ایران سے آنے والی زائرین کی بس کو مکران میں حادثہ پیش آیا ہے، جس سے 11 افراد جاں بحق جبکہ 33 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایران سے پاکستان آنے والی زائرین کی بس مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے سے کھائی میں جاگری، اس افسوسناک حادثے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیاجا رہا ہے، زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے مکران کوسٹل ہائی وے بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت طبی امداد پہنچانے، زخمیوں کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایت کردی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس سے 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے تھے، جن کی میتیں 2 روز قبل ایران سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھیں۔