ملک میں خوردنی تیل کی مقامی پیداوار میں گزشتہ مالی سال کے دوران اضافہ جبکہ بناسپتی گھی کی پیداوارمیں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق مالی سال 2024 میں ملک میں 640984 میٹرک ٹن خوردنی تیل کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جومالی سال 2023 کے مقابلہ میں 13.20 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2023میں ملک میں 566239میٹرک ٹن خوردنی تیل کی پیداوارریکارڈکی گئی تھی۔ جون میں ملک میں 56109 میٹرک ٹن خوردنی تیل کی پیداوارہوئی جومئی کے مقابلہ میں 1.44 فیصداورگزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 2.91 فیصدزیادہ ہے۔ مئی میں ملک میں 55314 میٹرک ٹن اورگزشتہ سال جون میں 54520 میٹرک ٹن خوردنی تیل کی پیداوارحاصل ہوئی تھی۔
اعداد وشمارکے مطابق مالی سال 2024میں ملک میں 1494476میٹرک ٹن بناسپتی گھی کی پیداوارحاصل ہوئی جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 4.14فیصدکم ہے۔ مالی سال 2023میں ملک میں 1559059میٹرک ٹن خوردنی تیل کی پیداوارحاصل ہوئی تھی۔
جون میں ملک میں 124737میٹرک ٹن بناسپتی گھی کی پیداوارہوئی جومئی کے مقابلہ میں 0.77 فیصد اورگزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 4.53فیصدکم ہے۔مئی میں ملک میں 125699 میٹرک ٹن اورگزشتہ سال جون میں 130651میٹرک ٹن بناسپتی گھی کی پیداوارحاصل ہوئی تھی۔