اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کے لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں حکومتی اداروں کی بے حسی کو افسوسناک قرار دے دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں ایک صفحے کا تحریری حکم جاری کیا۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ 6 جون سے لاپتہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کا کچھ معلوم نہ ہوسکا۔ دونوں لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے حکومتی اداروں کی بے حسی افسوسناک ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ توقع ہے اٹارنی جنرل اس معاملے پر وزیراعظم سے ملیں گے۔ حکومت کی جانب سے عدالت کے سامنے کمزور جواب دیا گیا۔ فریقین کی طرف سے اس معاملے میں بے حسی افسوسناک ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کے جزوی دلائل ہوچکے ہیں۔ آئندہ سماعت پر دستیاب بینچ کے سامنے کیس مقرر کیا جائے۔