پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔
جمعرات کو صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق 2 پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس جا رہے تھے۔
پولیس کی گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں اور ڈاکوؤں نے گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لئے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا ۔
پنجاب پولیس کے مطابق حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 5 لاپتہ تھے جن کو ریسکیو کرلیا گیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ٹی ایچ کیو صادق آباد منتقل کر دیا گیا ۔
ڈی پی او عمران احمد
ڈی پی او رحیم یار خان عمران احمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس موبائل خراب ہونے پر فتح پور کے قریب ڈاکوؤں نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا ، حملے میں متعدد پولیس اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کی نفری جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے ۔
پولیس جوانوں کے ناموں کی لسٹ
ڈاکوؤں کے حملے کا شکار ہونیوالوں میں ایلیٹ فورس پنجاب کانسیٹیلبری اور ریور پولیس کے جوان شامل ہیں۔
سماء کو موصول ہونے والی لسٹ کے مطابق جوانوں میں محمد عثمان، عمران زاہد، راشد منیر، وسیم سعید شامل ہیں جبکہ نذر عباس ، اجے رام، بیرم رام ، فاروق عبداللہ اور انس بلال بھی حملہ کی زد میں آگئے۔
احمد ساجد ، راجہ کنول ایوب، اسماعیل نبیل بھی واپس آنے والوں میں شامل تھے۔
پولیس اہلکار عثمان واپس کیمپ ٹو پہنچنے میں کامیاب ہوئے جبکہ محمد سعید بھی کھیتوں میں پناہ لینے میں کامیاب ہوئے۔
صدر مملکت کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں ۔
صدرمملکت نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی مذمت
صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) اور وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے بھی حملے کی مذمت کی۔
اپنے خصوصی بیان میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں پر ایسا گھناؤنا حملہ انتہائی قابل افسوس اور تشویشناک ہے، ملک دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا ۔