حکومت نے قیمتی پتھروں کی صنعت کے ترقی کےلیے متعلقہ اداروں کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی برائے جیمز اینڈ سٹونز کے اجلاس میں قیمتی پتھروں سے متعلق اداروں کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نجی شعبے سے بھی مشاورت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، رانا تنویر، جام کمال خان اور علی پرویز ملک شریک ہوئے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود جیمز اینڈ سٹونز کے اداروں کو فعال بنانے کا جائزہ لیں گے۔ ان اداروں کو سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کیلئے کمیٹی وہاں کا دورہ کرے گی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اب انفراسٹرکچر کی مضبوطی سے حالات کو بہتری کی طرف لانا ہے۔ قیمتی پتھروں کیلئے جدید طریقوں اور ترقی یافتہ ممالک کی بہتر ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں گے۔
اجلاس کی تجاویز کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ قیمتی پتھرو ں کی تلاش اور تراش و خراش کیلئے سٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ لیں گے۔ نجی شعبے سے مشاورت کیلئے سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس سوموار کودوبارہ ہوگا۔