سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جنرل (ر) فیض حمید کے معاملے میں ٹرائل ہوا تو تسلی رکھیں اوپن ہی ہوگا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بانی پی ٹی آئی کون ہے جو بتائے کہ فیض حمید کا اوپن ٹرائل ہوگا یا نہیں، ساری دنیا کو پتہ چلے کے بانی چیئرمین کیا کرتا اور کرواتا رہا ہے تاہم اگر عمران خان کا جنرل (ر) فیض حمید کے معاملے میں ٹرائل ہوا تو تسلی رکھیں اوپن ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے مطالبہ ہے جنرل (ر) فیض حمید کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کریں، جنرل فیض اور میرا معاملہ فوج کا انٹرنل مسئلہ نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل فیض ریٹائرمنٹ کے بعد زیرو ہوگیا مجھے کیا فائدہ دے گا کہ اس سے رابطہ رکھوں، میں سابق وزیراعظم ہوں مجھے ملٹری کورٹ میں لے جانے سے پاکستان کا امیج خراب ہوگا۔ اگر 9 مئی سازش کا مرکزی کردار جنرل فیض ہے تو مطالبہ کررہا ہوں اوپن ٹرائل کیا جائے،9 مئی کا معاملہ نیشنل سیکیورٹی نہیں لوکل ایشو ہے۔