سپریم کورٹ نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزمان کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 9 مئی سے متعلق ملزم حماد نذیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
بینچ کے سربراہ منصورعلی شاہ نے حماد نذیر کے وکیل سے پوچھا کہ ملزم پرکیا الزام ہے؟ جس پر حماد نذیر کے وکیل نے بتایا کہ ملزم پر پولیس کانسٹیبل کو ڈنڈا مار کر زخمی کرنے کا الزام ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کےمطابق پولیس اہلکار کو ہجوم نے پتھر مار کر زخمی کیا۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے پوچھا کہ کیا ملزم موقع پر موجود تھا؟ کیا ملزم کی موجودگی کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ملزم دکاندار ہے موقع پرموجود نہیں تھا، کوئی سی سی ٹی وی پیش نہیں کی گئی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ ملزم کی موجودگی کے کیا شواہد پیش کیے گئے ہیں؟ ملزم کے وکیل نے بتایا کہ کوئی سی سی ٹی وی پیش نہیں کی گئی اور نہ شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔