اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ذاتی ڈاکٹرز سے طبی معائنے کی درخواست دائر کردی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ذاتی معالجین سے علاج کروانا بانی پی ٹی آئی کا حق ہے اور ان کے ذاتی معالجین جوانی کے دور سے ان کا علاج کر رہے ہیں ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بارہا احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ ذاتی معالجین کو چیک اپ کی اجازت نہیں دے رہی، ذاتی معالج سے علاج کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 9 کیخلاف ہے۔
ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینے سے بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں ، بدقسمتی سے دیگر سیاسی قیدیوں کو جیل میں وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا جاتا ہے، جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے بھی تیار نہیں ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹرثمینہ نیازی کو میڈیکل چیک کی اجازت دی جائے اور بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے 15 روزہ شیڈول ترتیب دیا جائے۔
مستقبل میں بھی ذاتی معالجین کو بلا روک ٹوک میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں وزارت داخلہ اور سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔