وطن پر اپنی جان قربان کر کے مثال قائم کرنے والے پائلٹ آفیسر نشان حیدر شہید راشد منہاس کا آج 53 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے، پاک فضائیہ کے اس نوجوان نے ملکی دفاع کی ایسی داستان رقم کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشان حیدر) پاکستان کی تاریخ جرات ، بہادری اور سنہرا باب رقم کرنے والے وطن کے عظیم سپوت ہیں۔ نمبر2فائٹر کنورژن یونٹ میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر)کی یادیں آج بھی محفوظ ہیں۔
پائلٹ آفیسر راشد منہاس 17فروری1951کو کراچی میں پیدا ہوئے، آپ نے14مارچ1971ء کو پاکستان فضائیہ کے51ویں جی ڈی ُی کورس میں کمیشن حاصل کیا،20 اگست1971کو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے قربانی کی ایک ناقابل فراموش داستان رقم کی۔
اُس دن پائلٹ آفیسر راشد منہاس معمول کی ٹریننگ فلائٹ کیلئے جہاز میں سوار ہوئے تو ان کے بنگالی انسٹرکٹرز بردستی جہاز کے کاک پٹ میں گھس آیا اور جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو جیسے ہی احساس ہوا کہ جہاز کا رخ بھارتی سرحد کی جانب مڑ چکا ہے تو انہوں نے جہاز کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی، اس وقت جہاز بھارتی سرحد سے صرف40میل کی مسافت پر تھا۔
پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے جہاز کا رخ موڑنے کیلئے مزاحمت کی اور انسٹرکٹر سے کہا کہ میں تمہیں کسی بھی صورت بھارتی سرحد عبو ر نہیں کرنے دونگا، اس کے بعد پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا اور انسٹرکٹر کی لاکھ کوشش کے باوجود جہاز بھارتی سرحد سے32میل کی دوری پر تباہ کر دیا۔
پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے اپنی جان کی قربانی دے کر جہاز کو دُشمن ملک لے جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر مجاہد تھے، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہیدنے قائدانہ صلاحیتوں کا عملی نمونہ پیش کیا اور اپنا آج وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گئے۔
دوسری جانب پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر)کے53ویں یومِ شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا، علماء کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
علماء کرام کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں۔ شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا اور جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں۔ شہیدپائلٹ آفیسر راشد منہاس دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔