نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کیلئے پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل حل کرنے کیلئے ایکشن پلان مرتب کیے جائیں۔
نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں گیس کی قیمتیں ماہانہ یا سہ ماہی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضے کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔
کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کیلئے نجی کمپنیوں کیلئے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کیلئے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔