چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سے سندھ بھر میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں، سکھر اور لاڑکانہ کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جائے۔ سکھر، لاڑکانہ سمیت صوبے بھر میں ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ دی جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خیرپور میں ڈیم کے بند میں شگاف کے معاملے پر فوری تحقیقات کرائی جائے۔ یقینی بنایا جائے کہ ڈیم کے بند میں شگاف کے بعد نقصان کم سے کم ہو اور متاثرین تک فوری امداد پہنچے۔
ان کاکہنا تھا کہ محکمہ ریلیف اور پی ڈی ایم اے بارش متاثرین کی امداد کے حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھائیں، پاکستان پیپلز پارٹی بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔