بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں سیلاب سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے کے باعث مسافر ٹرین کی آمدورفت بند ہوگئی۔
ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ روزطوفانی بارش سے چمن اور کوئٹہ کے درمیان ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا، جس کے باعث مسافر ٹرین کی آمدورفت بند کردی گئی۔
دوسری جانب سبی اور گردونواح میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا پانی جمع ہوگیا۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں بارشوں کے بعد ندیوں میں طغیانی ہے، تلی ندی کے ٹوٹے ہوئے بچاؤ بند پر کام کا آغاز نہ ہوسکا۔ مسلسل سیلابی صورتحال کے باعث تلی ندی کے دیگر بچاؤ بند بھی کمزور ہوچکے۔
مستونگ میں سیلابی ریلوں سے گھروں،کھڑی فصلوں اور رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا، تحصیل کردگاپ میں سیلابی ریلے میں ایک خاتون بہہ کر جاں بحق ہوگئیں، بارش اور سیلابی ریلوں سے کانک کے علاقہ چشمہ دولئی گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔