مانسہرہ میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث دریائے کنہار کا بہاؤ رکنے سے جھیل بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے مہانڈری کے مقام پر پہاڑ کا بڑا حصہ دریا کنہار میں گرگیا۔ پہاڑ گرنے والے مقام کے قریب دریا کا بہاؤ رکنے سے جھیل بن گئی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق پہاڑ گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم پہاڑ گرنے والے مقام کے قریب دریا کا بہاؤ رکنے سے جھیل بن گئی، پہاڑکا مزید حصہ گرنے سے دریائے کنہار کا رُخ تبدیل ہوسکتا ہے، متعلقہ اداروں کی جانب سے دریا کا بہاؤ بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 30 جولائی کو مانسہرہ میں مہاندری کے مقام پر مہنور نالہ میں آنے والے سیلابی ریلے کے باعث مرکزی پل کے بہہ جانے کے باعث وادی کاغان کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا تھا جسے 14 روز بعد 12 اگست کو مہانڈری کے مقام پر نئے سٹیل پل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جس سے ضلع مانسہرہ کا وادی کاغان ناران اور گلگت بلتستان سے زمینی رابطہ دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔