صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے عوام اور حقوق پر غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کی مذمت کئے بغیر امن کی جانب پیش رفت ممکن نہیں ہے۔
ٹویٹر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے زمینوں کا مسلسل الحاق، غیر قانونی بستیاں، غیر متناسب ردعمل اور قتل و غارت کے نتیجہ میں امن کی طرف کوئی امید اور کوئی پیش رفت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔ عالمی برادری آج عالمی امن کے لیے بڑا کردار ادا کر سکتی ہے۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
او آئی سی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مداخلت کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے، علاقائی عدم استحکام کی وجہ اسرائیلی قبضہ، عالمی قراردادوں کو تسلیم نہ کرناہے۔