وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک میں انتشار، تقسیم اور نفرت کی سیاست کی۔ تمام سازشوں کا سرغنہ تحریک انتشار کا سربراہ تھا، فیض حمید اور ان کے ساتھی سہولت کار تھے۔ جیل سے اب بھی پیغام رسانی جاری تھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ فیض حمید کی گرفتاری اور پاک فوج کی شفاف تحقیقات کے بعد یہ دائرہ بڑھے گا، چاہے کوئی ثاقب ہو، کوئی نثار ہو۔ ملک میں انتشار پھیلانے اور سازشیں کرنے والوں کا انجام یہی ہوتا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے ہیں، فوج کے ادارے نے شفاف تحقیقات کی ہیں۔ ان تحقیقات کے نتیجے میں مزید لوگ بھی گرفتار ہونے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ طالبان کو واپس لانے اور حالیہ بے امنی کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پنجاب حکومت کا بجلی 14 روپے فی یونٹ سستی کرنا تاریخی اقدام قرار دیا۔ کہا وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی 200 یونٹ تک کے صارفین کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے۔