کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 5 روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 282 روپے 69 پیسے پر بند ہوئی، انٹربینک میں ڈالر بلند ترین سطح سے 24 روپے 41 پیسے تک گر گیا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5 روپے 50 پیسے کم ہو کر 282 روپے 50 پیسے پر آگیا، امریکی کرنسی بلند ترین سطح سے 50 روپے 50 پیسے سستی ہوئی۔ روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی، سٹاک مارکیٹ میں 1261 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ 100 انڈیکس 47 ہزار 494 پوائنٹس پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل ہو گئی، یعنی پاکستانی روپے میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 182 روپے ہو گئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت بھی 117 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جس سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں 38 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔