وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اقتدار کی کشمکش، اندرونی و بیرونی سازشوں، اپنی غلطیوں اور مفاد پرستی سے قومی وجود پر کاری ضربیں لگیں۔ ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔
پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں جشن آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ جواب تلاش کرنا ہوگا کہ پاکستان آج اس حالت کیسے پہنچا ؟ ملک میں بگاڑنے والے آئے تو وطن کوسنوارنے والے بھی ہیں ، قیامت کے دن تک دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ زندگی قرضوں میں گزارنی ہے مانگ تانگ کر گزرارنی ہے کشکول اٹھاکر گزارنی یا باعزت طریقے سے گزارنی ہے، آج تک جو کچھ ہوتا رہا اس کو دفن کرکے نیے سفر کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی جان لڑادونگا۔ عہد کرتے ہیں متحد ہو کر وطن عزیزکوعظیم تربنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنان پاکستان نےڈیجیٹل دہشتگردی سے جھوٹ کی بمباری شروع کردی، دشمنان پاکستان ہماری جوہری قوت سےخائف ہیں، دشمنان پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے ہرحربہ استعمال کررہے ہیں، دشمن قوتوں کانشانہ نوجوانوں کاذہن ہے، نوجوان خود کو فساد، انتشار اور فریب کےفتنوں سے محفوظ رکھیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج کے دن تحریک آزادی کے شہدا اور غازیوں کوسلام پیش کرتےہیں، مسئلہ کشمیراور فلسطین کے حل کیلئے دنیا کے دروازے پر دستک دیتے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر، فلسطین کے حقوق کی فراہمی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، فلسطین کے معاملے پر دنیا کے انصاف پسند ادارے اور ممالک بیدارہوں۔ فلسطین میں قتل عام نے یوم آزادی پر ہمارے دل غم سے چور کردیئے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی اوربجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جان لڑادوں گا، حکومت بجلی کے معاملے پر یکسوئی کے ساتھ دن رات کام کررہی ہے، چند روز میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے خوشخبری ملے گی، بجلی کے بل کم کیے بغیر گھریلو صارفین کو تسکین نہیں مل سکتی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں کم کیے بغیرمعیشت آگے نہیں بڑھ سکتی، بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر ایکسپورٹس آگے نہیں بڑھ سکتیں، بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیرصنعت اور زراعت آگے نہیں بڑھ سکتی۔