یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے اپنے کرنسی نوٹوں کی برآمد پر پابندی کے باوجود اربوں ڈالر اور یورو روس منتقل ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق مارچ 2022 سے ابتک تقریبا 2.3 بلین ڈالر اور یورو کے کرنسی نوٹ روس بھیجے جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ روس نقد درآمدات کو روکنے والی پابندیوں سے بچنے میں کامیاب رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نقد رقم متحدہ عرب امارات اور ترکی سمیت مختلف ممالک سے روس منتقل کی گئی تھی ، جنہوں نے روس کے ساتھ تجارت پر پابندی عائد نہیں کی ہے۔ ریکارڈ میں آدھے سے زیادہ کا اصل ملک بیان نہیں کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نے دسمبر میں روس کو پابندیوں سے بچنے میں مدد کرنے والے مالیاتی اداروں کو جرمانے کی دھمکی دی تھی اور 2023 اور 2024 کے دوران تیسرے ممالک کی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔