وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا، جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کردیں، یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے، ماضی میں وقت ضائع ہوا اس سے سبق سیکھیں گے، مل کر کام کریں گے تو ضرور مشکلات سے باہر نکلیں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے ، ارشد ندیم نے 40سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جیت کر دیا ہے، پوری قوم اللہ کا شکر ادا کررہی ہے ،خوشیاں منارہی ہے، ارشد ندیم نے ماضی قریب میں بھی مقابلوں میں حصہ لیا، اللہ نے محنت اور ریاضت کی وجہ سے ارشد ندیم کو یہ مقام عطاکیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ضائع ہونے والے وقت سے سبق حاصل کرکے محنت کریں گے، پاور سیکٹر نے گزشتہ کئی ماہ سے محنت کی ہے، وزیر توانائی اور متعلقہ حکام نے بہت محنت کی،بجلی کی قیمت کا بہت بڑا رول ہے ،ہمیں وہ ادا کرنا ہے، ایف بی آر ہمارا اہم ہدف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری پاور سیکٹر اورایف بی آر ان دو ایریاز میں بہت ترجیحات ہیں، اللہ چاہے گا تو ہم ان دو سیکٹرز میں کامیاب ہوں گے، گزشتہ 6ماہ میں گورننس کو ڈیجیٹائزڈ کرنے کی کوشش کی ہے، پاور سیکٹر میں کئی مہینوں سے محنت کی، ایف بی آر کیلئے ہم نے کنسلسٹنٹ بلائے ہیں، وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وقت کا بھرپور استعمال کریں تب اللہ کامیابی سے ہمکنار کرائے گا، ہمیں ماضی کی 76سال کی بیماری سے جان چھڑانی چاہیے۔
شہبازشریف نے کہا کہ درست فیصلوں سے قوم میں امید پیدا ہوگی، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کریز سے باہر نکل کر چھکا ماریں گے تو کپتان کے ساتھ آپ کو کریڈٹ ملے گا، مل کر کام کریں گے تو ضرور مشکلات سے باہر نکلیں گے، مستحکم پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیداواری لاگت کم کیے بغیر ترقی دیوانے کا خواب ہے، انڈسٹری،زراعت،تجارت کی بحالی کیلئے پیداواری لاگت میں کمی لاناہوگی، پیداواری لاگت کم کرنے میں بجلی کی قیمت کا بہت بڑا کردار ہے، دیگر ممالک کی پیداواری کی لاگت کے برابرلائے بغیر مقابلہ ممکن نہیں۔